تاثیر 18 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع کے ہیڈ کوارٹر سہسرام میں منگل کی رات کلکٹریٹ کے سامنے جاری مظاہرین احتجاج کو ہٹانے کیلئے آئے سی او کے خلاف یہاں شدید احتجاج کیا گیا اور پوسٹ آفس چوک کو بھی جام کردیا گیا، اس معاملے کو لیکر سی او اور مظاہرین کے درمیان بہت نوک جھوک بھی ہوئی، اسکی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی ایم سہسرام آشوتوش رنجن اور نگر تھانہ کی پولس بھی وہاں پہنچ گئی اور مظاہرین کو سمجھانے کے بعد مظاہرین نے سڑک جام ختم کیا تب جاکر ٹریفک معمول پر آئی ۔ واضح ہو کہ گزشتہ ایک ماہ سے یعنی 11 نومبر سے کسان مہا سنگھ کے لوگ کدون آبی ذخائر کی تعمیر شروع کرنے اور ایم ایس پی کی قانونی ضمانت کے مطالبہ کو لیکر سہسرام کلکٹریٹ کے سامنے غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر ہیں، جسے ہٹانے کیلئے جب سی او وہاں پہنچے تو وہاں زبردست احتجاج ہوا، جو ایک خوفناک شکل اختیار کر گیا تھا، تمام مظاہرین ضلع انتظامیہ پر انکے مسائل کو نظر انداز کرنے کا الزام لگا رہے تھے اور اپنے حقوق کیلئے احتجاج ختم کرنے پر غصے کا اظہار کر رہے تھے ۔