تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
صنعاء،20دسمبر:یمن میں ایران کی حمایت یافتہ باغی حوثی ملیشیا کے سربراہ عبد الملک الحوثی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت اسرائیل، امریکا اور برطانیہ کے ساتھ کھلی جنگ میں ہے۔ الحوثی نے باور کرایا کہ فلسطینیوں کی حمایت میں بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو حوثیوں کو خبردار کرتے ہوئے یہ کہہ چکے ہیں کہ اسرائیل کو نقصان پہنچانے والے کو’انتہائی بھاری قیمت چکانا پڑے گی‘۔
جمعرات کے روز ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والے خطاب میں الحوثی نے کہا کہ “آج صبح الحدیدہ کی بندر گاہوں اور صنعاء میں دو پاور اسٹیشنوں پر حملوں سے اسرائیل کو نشانہ بنانے اور فلسطین کی نصرت سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا”۔ حوثیوں کے سربراہ نے ان حملوں میں 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے جمعرات کے روز حوثیوں کو خبردار کیا تھا کہ اسرائیل کو ضرر پہنچانے والوں کو “نہایت بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا کہ’حماس، حزب اللہ اور پھر شام میں بشار الاسد کی حکومت کے بعد حوثی ملیشیا ایرانی بدی کے محور کا باقی رہ جانے والا آخری بازو ہے‘۔