تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 21 دسمبر: ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالہ ہفتے کے روز سپرد آتش کردئے گئے۔ چوٹالہ کی آخری رسومات سرسا کے تیجا کھیڑا گاؤں کے فارم ہاؤس میں ان کی خواہش کے مطابق ادا کی گئیں۔ اوم پرکاش چوٹالہ کا جمعہ کو گروگرام کے میڈانتا میڈیسٹی میں انتقال ہوگیا۔اوم پرکاش چوٹالہ کی جسد خاکی کو ہفتہ کی صبح آٹھ بجے آخری درشن کے لیے تیجا کھیڑا فارم ہاؤس میں رکھا گیا تھا۔ جہاں ہندوستان کے نائب صدر جگدیپ دھنکھر اپنی اہلیہ سدیش دھنکھر کے ساتھ پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ دھنکھر نے کہا کہ موت سے پانچ دن پہلے جب ان سے فون پر بات ہوئی تو وہ اپنی صحت کے بجائے میری صحت کے بارے میں فکر مند تھے۔ نائب صدر نے کہا کہ اوم پرکاش چوٹالہ کی یادداشت کی طاقت اور خود اعتمادی بہت زیادہ تھی۔ وہ نامساعد حالات میں بھی آگے بڑھے۔ چوٹالہ نے زندگی بھر کسانوں اور گاؤں کی ترقی کو ترجیح دی۔ ہریانہ نے آج ایک مضبوط مقرر کھو دیا ہے۔