پی سی ایس پری امتحان میں شرکت کے لیے وارانسی آ رہے 10 امیدوار سڑک حادثے میں زخمی

تاثیر  22  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

وارانسی، 22 دسمبر: پی سی ایس پری امتحان میں شرکت کے لئے وارانسی آ رہے 10 امیدوار پھول پور تھانہ علاقہ کے رام پور پنڈرا کے قریب اتوار کو سڑک حادثہ میں زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو تین ایمبولینسوں میں اسپتال پہنچایا۔ واقعہ کی وجہ گھنی دھند بتائی گئی ہے۔جونپور اور آس پاس کے علاقوں کے نوجوان پی سی ایس پری امتحان میں شرکت کے لیے صبح سویرے بائک سے وارانسی آ رہے تھے۔ وقت پر امتحانی مرکز پہنچنے کے لیے نوجوان گھنی دھند میں بھی تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلا رہے تھے۔ پنڈرا رام پور کے قریب گھنی دھند کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار نوجوان آگے جا رہے بائک سواروں سے ٹکرا گئے۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار 10 نوجوان زخمی ہوگئے۔ اس میں نئی گنج جونپور کے رہنے والے سپنا چوہان (26)، اتل چوہان (24)، راگنی سنگھ (26)، راگنی کے والد ارون کمار سنگھ (52) کو پولیس نے اسپتال بھیجا ہے۔ جہاں پر ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد سب کو فارغ کر دیا۔ حادثے کی وجہ سے امتحان میں شرکت نہ کرنے کے بعد کئی امیدوار مایوس نظر آئے۔