شملہ میں برف باری سے مسائل میں اضافہ

تاثیر  23  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 23 دسمبر: کرسمس سے قبل دارالحکومت شملہ میں شدید برف باری نے سیاحوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑادی۔ سیاح ناچ گا کر برف باری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ تاہم اس برف باری نے لوگوں کی مشکلات میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ برف کی سفید چادر نے شملہ کے بالائی علاقوں میں سڑکوں کی آمدورفت میں بھی بڑے پیمانے پر خلل ڈالا ہے۔ پیر کی صبح سے شروع ہونے والی برف باری سے شملہ ضلع کے کئی بالائی علاقوں میں زندگی متاثر ہوئی ہے۔
برفباری کے باعث کئی بالائی علاقوں کی سڑکوں پر برف کی موٹی تہہ جمع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سڑکوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ شملہ کے بالائی علاقوں کفری، فاگو، نرکنڈہ، چوپال اور کھڈاپتھر میں برف باری کی وجہ سے سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ ان علاقوں میں سڑکوں پر گرنے والی برف میں گاڑیاں پھنس گئی ہیں اور مقامی انتظامیہ کو گاڑیوں کو نکالنے میں سخت محنت کرنی پڑ رہی ہے۔