تاثیر 13 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شہر کے 2 پتنگ فروش گرفتار، 1600 روپے کا سامان برآمد۔
بھیونڈی( شارف انصاری ):- بھیونڈی کے ہندو ہردے سمراٹ آنجہانی بالا صاحب ٹھاکرے فلائی اوور برج پر مانجا سے گلا کٹنے کے دو واقعات کے بعد پولیس نے مکرسنکرانتی تہوار کے موقع پر ممنوعہ پتنگ اور مانجا بیچنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ سٹی پولیس اور کونگاؤں پولیس نے ایک ہی دن دو مختلف مقامات سے پتنگ فروش کو گرفتار کر کے ان کے پاس سے 1600 روپے مالیت کی نائیلون کا مانجا ضبط کیا ہے ۔
پولیس کے مطابق کل شام تقریباً 5 بجے سٹی پولیس اسٹیشن کے پولس کانسٹیبل نتین مکاری نندیوالے گشت پر تھے۔ دریں اثنا، 29 سالہ التمش عبدالسلام انصاری کو نئی بستی کے علاقے میں نگینہ مسجد کے پیچھے سے ممنوعہ پتنگ کا مانجا فروخت کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے اس کے پاس سے 600 روپے مالیت کا نائیلون مانجا ضبط کیا ہے۔ اسی وقت، کونگاون پولیس نے جناردھن توکارام راوت (60) کو متر پریم نگر میں شیوسینا چوک کے قریب سے مانجا بیچنے والے کو گرفتار کیا اور اس کے پاس سے تقریباً 1000 روپے مالیت کا نائیلون مانجا ضبط کیا اور دونوں ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔ بی این ایس کے ساتھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

