انوراگ کشیپ فلم سازی چھوڑنے کی افواہوں پر برہم

تاثیر 18  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 18 اپریل :ہدایت کار انوراگ کشیپ گزشتہ کچھ عرصے سے بالی ووڈ میں بدلتے ہوئے ماحول کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ حال ہی میں وہ خوابوں کا شہر ممبئی چھوڑ کر بنگلورو میں آباد ہو گئے۔ ان کے اس فیصلے کے بعد بہت چرچا تھی کہ شاید انہوں نے خود کو فلمسازی سے دور کر لیا ہے لیکن اب انوراگ کشیپ نے خود ایک لائیو سیشن میں ان افواہوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔ خاص بات یہ تھی کہ اس دوران انہوں نے شاہ رخ خان کا نام لیتے ہوئے اشارہ دیا کہ وہ اب بھی انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور کچھ بڑا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
انوراگ نے اپنے واضح انداز میں ‘ایکس’ پر ٹویٹ کیا۔ انہوں نے لکھا، “میں نے ابھی شہر بدلے ہیں، میں نے فلم سازی نہیں چھوڑی، جو لوگ سمجھتے ہیں کہ میں مایوسی میں چھوڑ گیا ہوں، میں اب بھی وہی ہوں اور میں شاہ رخ خان سے زیادہ مصروف ہوں، میں نے 2028 تک کی تاریخیں بک کر رکھی ہیں”۔ انہوں نے یہ کہہ کر ناقدین کو خاموش کر دیا، “میری اس سال پانچ ریلیز ہو سکتی ہے یا شاید اس سال تین اور اگلے سال دو۔ میں ایک دن میں تین پراجیکٹس کو ٹھکرا رہا ہوں۔”
انوراگ کشیپ نے اس سال کے شروع میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ممبئی چھوڑنے کی وجہ بتائی تھی۔ اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ “ہندی فلم انڈسٹری کا ماحول بہت زہریلا ہو گیا ہے، ہر کوئی 500 یا 800 کروڑ کی فلم بنانے کی دوڑ میں لگا ہوا ہے۔ تخلیقی صلاحیت کہیں کھو گئی ہے۔ شہر صرف عمارتوں سے نہیں بنتا، وہاں کے رہنے والوں سے بنا ہوتا ہے، لیکن یہاں لوگ آپ کو نیچے کھینچ لیتے ہیں۔”