تاثیر 25 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہارنپور، 25 اپریل: جموں کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک بھر میں سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ ہو گئی ہیں۔ سہارنپور میں بھی پولس انتظامیہ سیکورٹی انتظامات کو لے کر ہائی الرٹ ہے۔ اس سلسلے میں پولیس انتظامیہ نے اچانک ریلوے سٹیشنوں، بس سٹینڈز، بڑے بازاروں اور دیگر کئی حساس مقامات پر بڑے پیمانے پر چیکنگ مہم شروع کر دی۔
اس مہم میں پورے ریلوے اسٹیشن کے احاطے بشمول پلیٹ فارم، سرکلیٹنگ ایریا، پارسل آفس اور پارکنگ کی سخت چیکنگ کی گئی۔ اس دوران مشکوک افراد کی شناخت کرکے پوچھ گچھ کی گئی۔ مسافروں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے گولڈن ٹیمپل اور نوچنڈی ایکسپریس ٹرینوں میں خصوصی چیکنگ مہم چلائی گئی۔
ایس پی سٹی ویوم بندل کی قیادت میں سٹی سی او اشوک سسودیا، جی آر پی سہارنپور سی او شویتا اوجھا، جی آر پی ایس ایچ او سنجیو کمار، آر پی ایف ٹیم، ڈاگ اسکواڈ اور بی ڈی ایس ٹیم نے مل کر سخت چیکنگ کی۔اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ چیکنگ کے دوران مسافروں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پولیس حکام نے اسٹیشن پر موجود مسافروں سے اپیل کی کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک چیز یا شخص کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

