تیز رفتار موٹر سائیکل درخت سے ٹکرائی، ایک جاں بحق

تاثیر 15 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مشرقی سنگھ بھوم، 14 جون: بستو پور تھانہ علاقہ کے تحت کالی باڑی سرکٹ ہاؤس کے قریب ہفتہ کی دوپہر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک نوجوان کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ دو شدید زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار بائک پر سوار تین نوجوان سوناری سے ساکچی جا رہے تھے۔
مقامی لوگوں کے مطابق تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سوار بے قابو ہو گئے اور ان کی موٹر سائیکل سڑک کے کنارے لگے درخت سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بائک کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور بائک سوار وشوروپ کمار کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
واقعہ کے بعد وہاں موجود راہگیروں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں ٹاٹا مین اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
بشتو پور تھانہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ مہلوک نوجوان کی شناخت سوناری کے رہنے والے وشوروپ کمار کے طور پر کی گئی ہے اور زخمی کا نام شیوم کمار ہے۔ اس کے گھر والوں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ موٹر سائیکل کو ضبط کر لیا گیا ہے اور اس بات کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ آیا موٹر سائیکل سوار نشے میں تھا یا نہیں۔