تاثیر 5 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ماسکو،05جولائی:سعودی عرب کی موجودہ ترجیح غزہ میں مستقل جنگ بندی اور جنگ کا خاتمہ ہے، سعودی وزیرِ خارجہ نے جمعہ کو کہا۔شہزادہ فیصل بن فرحان ماسکو کے دورے پر گفتگو کر رہے تھے جہاں ان سے سعودی عرب کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے امکانات سے متعلق سوال کیا گیا۔انہوں نے کہا، مملکت کا بنیادی مقصد فلسطینی انکلیو میں قیامِ امن ہے۔ ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیلی غزہ اور اس کی شہری آبادی کو کچل رہے ہیں۔ یہ مکمل طور پر غیر ضروری اور ناقابلِ قبول ہے اور اسے بند ہونا چاہیے۔ سعودی وزیر خارجہ نے 2024 میں کہا تھا، مسئلہ فلسطین حل کیے بغیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں آسکتے۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے توقع ظاہر کی ہے کہ حماس اگلے 24 گھنٹوں میں غزہ جنگ بندی کے لیے ان کی “حتمی تجویز” کا جواب دے گی۔حماس نے کہا، وہ بدستور اس منصوبے کا مطالعہ اور دوسرے فلسطینی دھڑوں سے مشاورت کر رہی ہے۔مزاحمتی گروپ نے اس بات کی ضمانت کا مطالبہ کیا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات مجوزہ 60 روزہ جنگ بندی کے دوران ہوں گے اور یہ کہ لڑائی مین وقفہ تب تک بڑھایا جائے گا جب تک فریقین معاہدہ نہ کر لیں۔

