تاثیر 5 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،05جولائی:امریکی ریاست ٹیکساس میں جمعے کے روز اچانک آنے والے سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور لڑکیوں کے ایک کیمپ میں موجود 25 افراد لاپتہ ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوم آزادی کے موقع پر پیش آنے والے اس سانحے کو ’حیران کن‘ اور ’خوفناک‘ قرار دیا ہے۔ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے کہا کہ وفاقی حکام نے مدد کا وعدہ کیا ہے۔ایبٹ نے بتایا کہ رات بھر سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم ٹیکساس کے حکام لاپتہ افراد کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کر سکے۔
ٹیکساس کے لیفٹیننٹ گورنر ڈین پیٹرک کا کہنا ہے کہ سائپریس جھیل اور سینئر ہل میں تمام کیمپرز کو تلاش کیا جا رہا۔بیان میں والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’اگر آپ کی بیٹی نہیں ملی تو آپ کو مطلع کر دیا جائے گا۔ اگر آپ سے ذاتی طور پر رابطہ نہیں کیا گیا ہے، تو آپ کی بیٹی مل چکی ہے۔ ’لیکن اس کا یہ مطلب یہ نہیں ہے کہ (لاپتہ بچے) نہیں رہے۔ وہ رابطے سے باہر ہوسکتے ہیں۔پیٹرک نے عوام کی جانب سے ذاتی ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کی پیشکش پر کہا کہ انھیں امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے کسی اضافی سامان کی ضرورت نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ امدادی اداروں کے پاس 14 ہیلی کاپٹر، 12 ڈرون، 9 ریسکیو ٹیمیں اور تیراکوں سمیت 400 سے 500 افراد موجود ہیں۔

