محرم کے جلوس کے دوران بڑا حادثہ، 15 افراد زخمی

تاثیر 7 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ہزاری باغ، 07 جولائی: ضلع کے مفصل تھانہ علاقے کے ترانو پوتا گاؤں میں اتوار کی رات محرم کے جلوس کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ اسٹنٹ کرتے ہوئے آگ لگنے سے 15 افراد جھلس گئے۔ ان میں سے چھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔محکمہ پولیس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محرم کے جلوس کے دوران آتشزنی کا مظاہرہ کیا جا رہا تھا۔ اس دوران ڈیزل ڈالتے ہی اچانک آگ بھڑک اٹھی اور وہاں موجود کئی لوگ اس کی لپیٹ میں آگئے۔ واقعہ اس قدر اچانک ہوا کہ اس سے پہلے کہ کوئی کچھ سمجھ پاتا، حالات قابو سے باہر ہو گئے۔
واقعے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ مقامی لوگوں نے جلدی دکھائی اور تمام زخمیوں کو شیخ بھکھاری میڈیکل کالج اسپتال ہزاری باغ لے گئے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد، کچھ لوگ جو شدید طور پر جھلس گئے تھے، انہیں ریمس، رانچی ریفر کیا گیا۔ حادثے کے بعد انتظامی حکام نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔