سماجی خدمات کے اعتراف میں کونسلر کو پگڑی پہنائی گئی

تاثیر 8 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کلکتہ، 08/ جولائی (تاثیر بیورو)  بیلگچھیا محرم الحرام اکھاڑا کمیٹی کی جانب سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں وارڈ نمبر 3 کی کونسلر کو ان کی سماجی خدمات، تعاون اور کمیونٹی کے لیے قابلِ قدر خدمات کے اعتراف میں روایتی پگڑی پہنائی گئی — جو اعزاز اور احترام کی علامت ہے۔
تقریب میں اکھاڑا کمیٹی کے متعدد معزز اراکین اور مقامی شخصیات نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے الٹا ڈانگہ تھانے کے افسر شوروپ کانتی پہاری نے شرکت کی، جب کہ علاقے کے دیگر سرکردہ افراد اور مقامی کھلاڑیوں نے بھی اپنی موجودگی سے تقریب کو رونق بخشی۔ تمام معزز مہمانوں نے اکھاڑا کمیٹی کی مثبت سرگرمیوں اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد میں اس کے کردار کی دل کھول کر تعریف کی۔
اکھاڑا کمیٹی کے سکریٹری اعجاز احمد اور صدر رئیس قریشی نے تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیٹی ہمیشہ کی طرح اس سال بھی محرم الحرام کے پروگراموں کو پُرامن، منظم اور باوقار طریقے سے منعقد کرنے کے لیے پوری تندہی سے کام کرے گی۔تقریب کی کامیابی میں کمیٹی کے دیگر فعال اراکین کا بھی اہم کردار رہا، جن کی شبانہ روز محنت سے یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔