کانگریس نے مودی حکومت پرسیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا کو کمزور کرنے کا الزام لگایا

تاثیر 8 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 8 جولائی : کانگریس کی ترجمان سپریا شرینیت نے منگل کو مودی حکومت پر سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کو کمزور کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں ملک کے تمام ادارے مسلسل کمزور ہو رہے ہیں اور ان میں سب سے نمایاں نام سیبی کا ہے۔ شرینیٹ نے الزام لگایا کہ سیبی کی ناک کے نیچے بڑے پیمانے پر گھوٹالے ہوئے جس کی وجہ سے عام سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
امریکی الگو ٹریڈنگ کمپنی جین اسٹریٹ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کمپنی ہندوستان کے اسٹاک مارکیٹ اور ڈیریویٹیو مارکیٹ میں بیک وقت غیر قانونی طور پر کام کررہی تھی اور بہت زیادہ منافع کما رہی تھی۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ 3 جولائی کو سیبی نے ایک عبوری حکم نامہ جاری کیا، جس میں جین اسٹریٹ اور اس کی چار ایسوسی ایٹ کمپنیوں پر ہندوستان میں تجارت کرنے پر پابندی لگا دی گئی اور کمپنی کے 4,844 کروڑ روپے ضبط کر لیے گئے۔ یہ حکم جنوری 2023 سے مارچ 2025 کے درمیان صرف 18 تجارتی سیشنز کی تحقیقات کی بنیاد پر جاری کیا گیا۔