تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 09 جولائی:ہماچل پردیش کے بیشتر مقامات پر بدھ کی صبح سے ہی بادل چھائے ہوئے ہیں۔ تاہم گزشتہ شب بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چھ دنوں تک ریاست کے بعض حصوں میں موسلادھار بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔
موسم کی پیشن گوئی کے مطابق، 9 سے 15 جولائی تک ریاست کے کچھ حصوں میں تیز بارش کا امکان ہے، جس میں 9، 10، 13، 14 اور 15 جولائی کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ان دنوں ریاست کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، ریاست میں موسم بنیادی طور پر فیئرلی وائیڈ اسپریڈ رین (ایف ڈبلیو) کے زمرے میں رہا۔سرمور ضلع کے صدر مقام ناہن میں سب سے زیادہ 70 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ اس کے علاوہ نانگل ڈیم (36.0 ملی میٹر)، دولت پور (29.0)، دیہرہ گوپی پور (29.0)، اولنڈا (27.6)، روہڈو (20.0) اور گوہر (20.0) میں بھی اچھی بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ سیو باغ اور باجورا میں بالترتیب 39 اور 37 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں۔ اس کے ساتھ ہی سندر نگر، مراری دیوی اور کانگڑا میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

