سرکاری ا سکولوں کے بچے روڈ سیفٹی ٹپس سیکھیں گے

تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 10 جولائی:ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں کے بچوں کو ٹریفک کے بنیادی اصولوں کے بارے میں مکمل معلومات دی جائے گی۔ اسکولوں میں منعقدہونے والے بیداری سیشن کے دوران ان بچوں کو روڈ سیفٹی کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔
اس پروگرام کے انعقاد کے تعلق سے بہار ایجوکیشن پروجیکٹ کونسل کے اسٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر میانک بربڑے نے تمام ضلعی ایجوکیشن افسروں (ڈی ای او) اور ڈسٹرکٹ پروگرام افسروں (ڈی پی او) کو تفصیلی رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ قومی شاہراہوں اور دیگر اہم سڑکوں پر واقع سرکاری اسکولوں کے طلباء کو روڈ سیفٹی سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس میں دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے اہم کردار ادا کرنے کو کہا گیا ہے۔
اسکول کے طلباء کی تربیت دینے ساتھ ہی وقتاً فوقتاً طلبا سے اس کی معلومات بھی حاصل کی جائیں گی۔ تاکہ معلوم ہو سکے کہ انہیں کتنی معلومات حاصل ہوئی ہیں۔
اسکول زون سیفٹی پروگرام کے تحت پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر پٹنہ کے 10 اسکولوں کے طلبہ کے درمیان ایک سروے کیا گیا۔ اس کی بنیاد پر موصول ہونے والی رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ طلباء روڈ سیفٹی سے متعلق معیارات یا بنیادی باتوں سے واقف نہیں ہیں۔ اس کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ اس صورتحال کو فوری طور پر بہتر بنایا جا سکے۔ یہ سروے انٹرنیشنل روڈ فیڈریشن انسٹی ٹیوٹ کے انڈیا چیپٹر نے سال 2024 میں جولائی-اگست کے مہینے میں کیا تھا۔ ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کرایا گیا یہ سروے بہار کے علاوہ آسام، کرناٹک، تمل ناڈو اور اتر پردیش کے 10-10 سیکنڈری اسکولوں میں کیا گیا تھا۔
اس مطالعہ میں یہ بتا یا گیا ہے کہ سڑک تحفظ بہار سمیت ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔ پورے ملک میں سڑک حادثات میں سالانہ ڈیڑھ لاکھ افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ اس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہلاک ہو جاتی ہے۔ جبکہ ہمارے ملک میں پوری دنیا میں گاڑیوں کی کل تعداد کا صرف ایک فیصد ہے۔ اس کے باوجود دنیا میں ہونے والے تمام سڑک حادثات میں سے 22 فیصد صرف ہندوستان میں ہوتے ہیں۔ یہاں روزانہ اوسطاً 1130 حادثات ہوتے ہیں اور ان میں 422 اموات ہوتی ہیں۔ رپورٹ میں اس بات کی طرف خصوصی توجہ مبذول کرائی گئی ہے کہ ان حادثات میں ہر 45 منٹ میں 31 بچے کی موت ہو جاتی ہے۔ اس میں 0 سے 14 سال کے بچوں کا تناسب 38 فیصد اور 14 سے 18 سال کے بچوں کی تعداد 64 فیصد ہے۔ مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ نے ان حادثات کے واقعات کو کم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر پہل شروع کی ہے۔ اسی سلسلے میں یہ مشق اسکولوں میں روڈ سیفٹی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے کی جارہی ہے۔