تاثیر 11 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
چھپرہ، 11 جولائی: بہار کے سارن ضلع کے امنور تھانہ علاقے میں بے خوف بدمعاشوں نے ایک بڑی واردات کو انجام دیا ہے۔ امنور بازار سے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر واقع ایک اے ٹی ایم مشین کو نامعلوم بدمعاشوں نے گیس کٹر سے کاٹ کر اس میں رکھے ہوئے 6,66,100 روپے چوری کر لی ہے۔
اس معاملے میں امنور تھانہ میں مقدمہ نمبر 210/25 کے تحت ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی نے خود موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس سی سی ٹی وی کی بنیاد پر بدمعاشوں کی شناخت کر رہی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سارن علاقہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور سب ڈویڑنل پولیس افسرمرہورا نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ حکام نے بدمعاشوں کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت دی۔

