تاثیر 12 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 12 جولائی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ مرکزی حکومت نجی شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دے رہی ہے۔ حکومت نے حال ہی میں ایک نئی اسکیم امپلائنٹ لنکڈ انسینٹیو اسکیم کو منظوری دی ہے۔ اس کے تحت حکومت نجی شعبے میں پہلی بار ملازمت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو 15 ہزار روپے کی امداد فراہم کرے گی۔ اس کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے تقریباً 3.5 کروڑ نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی امید ہے۔
وزیر اعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ‘روزگار میلہ’ میں 51,000 سے زائد نوجوانوں میں تقرری نامہ تقسیم کیا۔ ان نوجوانوں کو حکومت کے مختلف محکموں اور تنظیموں میں تعینات کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن نوجوانوں کے لیے نئی ذمہ داریوں کا آغاز ہے۔ ‘سب سے پہلے شہری’ کے اصول کو دہراتے ہوئے، انہوں نے تمام نو تعینات ملازمین کو قوم کی خدمت کا عہد کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تقرری نامہ دینے کی مہم جاری ہے اور بغیر پرچی بغیر خرچے کی نوکری بھی ہماری پہچان ہے۔

