ٹرک اور کار کے درمیان ٹکر میں چار افراد جاں بحق

تاثیر 12 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مدنی پور، 12 جولائی : مغربی میدنی پور ضلع کے بیلڈا کے رانی سرائے علاقے میں ہفتہ کی صبح قومی شاہراہ 60 پر سڑک حادثہ میں چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ حادثہ صبح تقریباً چھ بجے نیشنل ہائی وے 60 پر رانی سرائے کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک چار پہیہ گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ پولیس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ایک فور وہیلر آسنسول سے دیگھا کے راستے کھڑگپور جا رہا تھا۔ گاڑی میں ڈرائیور سمیت کل چار افراد سوار تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار تیز رفتاری سے جا رہی تھی کہ اچانک ڈرائیور کا کنٹرول ختم ہو گیا جس کے باعث گاڑی مخالف لین میں جا گھسی۔ اسی دوران کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
تصادم اتنا خوفناک تھا کہ کار بری طرح تباہ ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی بیلدہ تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ گیس کٹر کی مدد سے گاڑی کے اندر پھنسے چاروں افراد کو باہر نکال کر فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے چاروں کو مردہ قرار دے دیا۔