ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر 2025 اختتام پذیر، ثقافت و تجارت کا حسین امتزاج

 

کلکتہ، 13/ جولائی (تاثیر بیورو) مشرقی بھارت کے سب سے بڑے سفری تجارتی میلے ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر (ٹی ٹی ایف) 2025 کا کامیاب انعقاد “بسوا بنگلہ میلہ پرانگن”، کلکتہ میں ہوا، جو 10 سے 12 جولائی تک جاری رہا۔ تین روزہ اس میلے نے نہ صرف بھارت بھر بلکہ بیرونِ ملک سے آئے سیاحتی اداروں اور نمائندوں کو ایک مؤثر تجارتی اور تعارفی پلیٹ فارم فراہم کیا۔
میلے کا افتتاح جموں و کشمیر کے معزز وزیر اعلیٰ جناب عمر عبداللہ نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں بھارت کی مختلف ریاستوں بشمول تھائی لینڈ، جموں و کشمیر، راجستھان، گوا، اڑیسہ، سکم، کرناٹک، پنجاب اور اتراکھنڈ کے سیاحت محکموں نے بھرپور شرکت کی۔ اس کے علاوہ دنیا کے 14 سے زائد ممالک کے نمائندے بھی اس بین الاقوامی میلے میں شریک ہوئے، جس سے اس کی اہمیت دوچند ہو گئی۔
میلے کے آخری دن ایک پروقار اعزازاتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سیاحتی اداروں، نمائش کنندگان، اور نمائندوں کو خصوصی انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔ یہ اعزازات ان کے معیاری پیشکش، اختراعی مارکیٹنگ حکمتِ عملی اور بین الاقوامی سیاحتی تعاون کو سراہتے ہوئے دیے گئے۔
اختتامی دن تھائی لینڈ پویلین مرکزِ نگاہ رہا، جہاں شاندار ثقافتی مظاہرے اور دلچسپ “امیزنگ تھائی لینڈ کوئز” کا اہتمام کیا گیا۔ کوئز میں شرکاء نے بڑی تعداد میں حصہ لیا اور بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، جس سے اس پویلین کی رونق دوبالا ہو گئی۔
ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر 2025 نے نہ صرف سیاحت کے شعبے میں نئی روح پھونکی بلکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر تجارتی و سفارتی روابط کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ منتظمین نے اسے اب تک کا سب سے کامیاب ایڈیشن قرار دیتے ہوئے آئندہ برسوں میں مزید وسعت اور تنوع کے عزم کا اظہار کیا۔