تاثیر 19 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کلکتہ: 19 جولائی (تاثیر بیورو) ممتاز فلم ساز اندرنیل سرکار کی نئی ڈاکیومنٹری فلم “مائنوریٹی ڈائری” کولکتہ کے نندن ہال میں پیش کی گئی، جو حال ہی میں مکمل ہوئی ہے، مغربی بنگال میں رہنے والی چار اقلیتی برادریوں، عیسائی، سکھ، جین اور بدھ مت کی سماجی و معاشی صورتحال کا جائزہ پیش کرتی ہے۔ ان اقلیتوں کی آبادی کل آبادی کا ایک فیصد سے بھی کم ہے، مگر ان کی ثقافت، طرزِ زندگی اور معاشرتی کردار ایک منفرد شناخت رکھتے ہیں۔
فلم میں ان برادریوں کی تاریخ، موجودہ حالات اور جدوجہد کو دکھایا گیا ہے، اور یہ بتایا گیا ہے کہ زبان، کھانے اور لباس کے ذریعے کس طرح یہ تمام برادریاں بنگالی شناخت میں ضم ہو جاتی ہیں۔ فلم “وحدت میں کثرت” کے پیغام کو اجاگر کرتی ہے۔
فلم کی شوٹنگ مغربی بنگال کے مختلف اضلاع میں چار مراحل میں مکمل ہوئی۔ نادیہ، کلکتہ، بردوان، مرشدآباد اور کالیمپونگ جیسے اضلاع میں ان برادریوں کی زندگیوں کو فلمایا گیا۔
ہدایتکار اندرنیل سرکار، جو پہلے بھی متعدد اہم موضوعات پر فلمیں بنا چکے ہیں، اس سے قبل ” دی ٹرننگ پوائنٹ” ڈینیل ڈائری اور “ورکر” سیریز جیسی فلموں سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی بیشتر فلمیں بین الاقوامی سطح پر سراہی گئی ہیں۔

