شعبۂ اردو، عالیہ یونیورسٹی میں الوداعیہ تقریب کا کامیاب انعقاد

تاثیر 21 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کلکتہ، 21/ جولائی (تاثیر بیورو) شعبۂ اردو، عالیہ یونیورسٹی میں سال رواں کے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں شایانِ شان الوداعیہ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز حسب روایت تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کی ادائیگی بالترتیب کاشف خان اور زینب حسین نے کی۔
نظامت کے فرائض بی اے سوم کے طالب علم سعید الرحمن نے بخوبی انجام دیے۔ اس موقع پر طلبہ نے اپنے اساتذہ سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے تربیت و رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔ محمد اقبال، الفیہ بانو، ندیم سرور، نفیس احمد، غوثیہ تسلیم اور دیگر طلبہ نے اپنے خیالات، اشعار اور نغمات کے ذریعے اپنی محبت اور یادوں کا اظہار کیا۔
اساتذۂ کرام، بشمول ڈاکٹر سعید احمد، ڈاکٹر اقلیمہ خاتون اور ڈاکٹر نیلوفر فردوس نے طلبہ کو آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں سے نوازا۔ صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر درخشاں زریں نے سند یافتہ طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالیہ یونیورسٹی صرف تعلیم نہیں، تربیت کا مرکز بھی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مسلسل محنت اور خود اعتمادی کا پیغام دیا۔
تقریب کے اختتام پر بی اے اور ایم اے کے نمایاں طلبہ کو اسناد و مومنٹو سے نوازا گیا۔ بی اے میں فوزیہ تبسم، حفصہ خاتون، رافعہ قادری اور ایم اے میں محمد اقبال، عارفہ پروین، محمد ندیم سرور نے نمایاں مقام حاصل کیا۔
تقریب کی کامیابی میں ریسرچ اسکالرز اور طلبہ جیسے سعید الرحمن، محمد شاد، ذوالنین ناز آفرین، انیقہ، سمیہ، سعدیہ عزیز، عمر فاروق، جاوید اختر و دیگر کی کاوشیں قابلِ ذکر رہیں۔