لوکل ٹرین بم دھماکوں کے معاملے میں بامبے ہائی کورٹ کا تاریخی فیصلہ، پانچ کی پھانسی، سات کی عمر قید ختم، تمام ملزمین بری

تاثیر 21 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 21 جولائی:7/11 ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکوں سے متعلق اہم مقدمے میں بامبے ہائی کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے نچلی عدالت کی جانب سے دی گئی پھانسی اور عمر قید کی سزاؤں کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ تمام 12 ملزمین کے خلاف ثبوت ناکافی، اقبالیہ بیانات غیرقانونی اور سرکاری گواہوں کی گواہی ناقابل قبول ہے، اس لیے ان سبھوں کو مقدمے سے بری کیا جاتا ہے۔
بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ جسٹس اے ایس کلور اور جسٹس شیام سی چانڈک نے آج صبح ساڑھے 9 بجے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے احتشام قطب الدین صدیقی، کمال انصاری، فیصل عطا الرحمن شیخ، آصف بشیر اور نوید حسین کو ملی پھانسی کی سزا کو غیرقانونی قرار دیا، وہیں محمد علی شیخ، سہیل شیخ، ضمیر لطیف الرحمن، ڈاکٹر تنویر، مزمل عطا الرحمن شیخ، ماجد شفیع اور ساجد مرغوب انصاری کی عمر قید بھی منسوخ کر دی۔
عدالت نے واضح کیا کہ اگر ملزمین کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہ ہوں تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ عدالت نے اعترافی بیانات کو قابلِ قبول نہ مانتے ہوئے انہیں خارج کر دیا اور کہا کہ یہ قانون کے تقاضوں پر پورے نہیں اترتے۔