تاثیر 21 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ڈبروگڑھ (آسام)، 21 جولائی : آسام کے دولیاجان کے ماجماجیا علاقے میں کل رات ایک زبردست آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ آگ سونا پور نامگھر کے مین گیٹ کے سامنے آئل انڈیا لمیٹڈ کی گیس پائپ لائن میں دھماکے کے ساتھ شروع ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ تاہم واقعے کے بعد بھی قدرتی گیس کا اخراج جاری ہے جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
مقامی پولیس فورس کے ساتھ ساتھ آئل انڈیا کے سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کو بھی موقع پر تعینات کیا گیا ہے۔ انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
واقعہ کے وقت مقامی لوگوں نے زوردار آواز سنی اور آگ کے شعلے دیکھے جس سے خوف وہراس پھیل گیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔

