تاثیر 22 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام) 22جولائی:- دربھنگہ ہوائی اڈے پر نائٹ لینڈنگ کی سہولت ایک سے دو ماہ کے اندر دستیاب ہو جائے گی۔ ٹاٹا کمپنی CAT-2 نصب کرنے کا کام کر رہی ہے۔ یہ کام ہر حال میں درگا پوجا سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ ایم پی گوپال جی ٹھاکر نے یہ جانکاری دی۔ ہوائی اڈے پر چل رہے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے آئے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ دربھنگہ ہوائی اڈہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔ 912 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے نئے ٹرمینل پراجیکٹ کو وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ اس کے بعد دربھنگہ ہوائی اڈے سے بین الاقوامی پروازیں ممکن ہو سکیں گی.ایڑ فورس کے اسٹیشن کمانڈنٹ وکرم سنگھ اور ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر ندیم ناظم اور تمام افسران اور انجینئروں کے ساتھ معائنہ کے بعد ایم پی نے ایئر فورس کے اسٹیشن کمانڈنٹ کے ساتھ نائٹ لینڈنگ کے تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے نائٹ لینڈنگ کے لیے CAT 2 کے تحت آئی لیس سسٹم MUAR، انسٹرومنٹ لائٹنگ وغیرہ کی تنصیب کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ کمانڈنٹ اور افسران نے کہا ہے کہ نائٹ لینڈنگ کا تمام عمل دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اب سردیوں کے موسم میں دھند اور خراب موسم کے باوجود نائٹ لینڈنگ میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔
انہوں نے 90 ایکڑ اراضی پر تعمیر کئے جارہے نیو ٹرمینل بھون پراجکٹ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور معائنہ کے بعد عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی اور ہر نکتے کا جائزہ لیا۔ ایرپورٹ پر نئے پاور اسٹیشن اور رہائشی کمپلیکس کے لئے 50 ایکڑ اراضی حاصل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دربھنگہ ایرپورٹ کو بین الاقوامی بنانے کے ساتھ ساتھ اسے انتہائی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ 45 کروڑ کی لاگت سے 50 مکانات کی تعمیر کی جارہی ہے۔ ایئر فورس سٹیشن پر 25 کروڑ کی لاگت سے ہسپتال کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے جبکہ پانچویں جماعت تک کے سکول کو بارہویں جماعت میں تبدیل کرنے کے لیے جلد ہی وزارت دفاع کو تجویز بھیجی جائے گی۔

