تاثیر 22 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 22 جولائی: کانگریس کی جنرل سکریٹری اور لوک سبھا کی رکن پرینکا گاندھی واڈرا نے بہار میں الیکشن کمیشن کے ذریعہ چلائی جارہی ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) مہم کو جمہوریت کا قتل قرار دیا ہے اور اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ ایس آئی آر کا عمل مکمل طور پر غلط ہے اور یہ ووٹروں کے حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر عمران پرتاپ گڑھی جو اس دوران موجود تھے، نے بھی ایس آئی آر پر شدید اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ یہ ملک بھر کے ووٹروں کے ووٹوں کو لوٹنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں زور سے اٹھائے گی اور یہ نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک کے جمہوری ڈھانچے سے جڑا ہوا سوال ہے۔
اس سے پہلے، آج اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ نے ایس آئی آر کے معاملے پر پارلیمنٹ کے مکر دوار پر احتجاج کیا۔ اس دوران کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو سمیت اپوزیشن کے کئی بڑے لیڈر موجود تھے۔ تمام رہنماؤں نے ہاتھوں میں ایس آئی آر کے خلاف پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر ایس آئی آر مخالف نعرے درج تھے۔
الیکشن کمیشن بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے ایس آئی آر کر رہا ہے۔ اس عمل میں اب تک 90.67 فیصد ووٹرز نے فارم بھرے ہیں۔ اس کے بعد ڈرافٹ لسٹ جاری کی جائے گی اور حتمی ووٹر لسٹ 30 ستمبر تک شائع کی جائے گی۔

