مدھیہ پردیش کانگریس نے بارش سے برباد کسانوں کے لئے فوری معاوضہ اور سروے کا مطالبہ کیا

تاثیر 22 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

گوالیار، 22 جولائی: مدھیہ پردیش کانگریس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے صدر مکیش نائک نے گوالیار-چمبل ڈویژن کے ڈبرا، بھنڈ، شیو پوری، کریرا، اور دتیا اضلاع میں مسلسل موسلادھار بارش سے ہونے والی بھاری تباہی اور انتظامیہ کی بے توجہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔مکیش نائک نے منگل کو بتایا کہ موسلا دھار بارش نے ان پانچ اضلاع کے کم از کم 200 گاوں میں فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے جن میں دتیا ضلع کے سیوڑھا، بھانڈیر اور دتیا ترقیاتی بلاکس شامل ہیں۔ کئی مقامات پر تیل اور دالوں کی فصلیں سو فیصد تباہ ہو چکی ہیں۔ پہلے ہی قرضوں کے بوجھ تلے دبے کسان شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔ اس کے علاوہ شہری اور دیہی علاقوں میں سیکڑوں مکانات منہدم یا تباہ ہوئے ہیں لیکن ریاستی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔
نائک نے سوال اٹھایا، ’’جب گاوں میں تباہی صاف نظر آرہی ہے، تو اب تک ریونیو ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں کو سروے کے لیے کیوں نہیں بھیجا گیا؟ کیوں کوئی سرکاری پنچنامہ یا نقصان کا سروے نہیں ہوا؟‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر ریونیو اہلکاروں کی ایک ٹیم متاثرہ گاوں میں بھیجے اور ریونیو بک سرکلر (آر بی سی) کے رہنما خطوط کے مطابق کسانوں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری معاوضہ فراہم کرے۔