تاثیر 23 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 23 جولائی:بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تمام سیاسی پارٹیوں کے لیڈر اپنی اپنی حکمت عملی بنانے اور عوام کو اپنی طرف لانے میں مصروف ہیں۔ اسی ضمن میں بدھ کے روز جن سوراج پارٹی کے رہنما اور کارکن وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو میمورنڈم دینے اسمبلی پہنچے، لیکن پولیس نے انہیں پہلے ہی روک دیا۔ پولیس نے جن سوراج کے کارکنوں پر لاٹھی چارج بھی کیا جس میں ایک کارکن زخمی ہوگیا۔ اس واقعہ کے بعد جن سوراج کے ماسٹر مائنڈ پرشانت کشور نے ریاستی حکومت پر سخت نشانہ لگایا۔
راجدھانی پٹنہ میں جن سوراج کے ماسٹر مائنڈ پرشانت کشور نے کہا کہ ہمیں وزیر اعلیٰ سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں ابھی تین ماہ باقی ہیں، ہم قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت کا جینا حرام کر دیں گے۔ وہ نہیں جانتے کہ بہار کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔

