تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 28 جولائی:راجدھانی پٹنہ میں اتوار کی دیر رات ہوئی موسلادھار بارش نے راجدھانی کے باشندوں کو گرمی سے راحت دی ہے۔ دوسری جانب کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ پیر کے روز بھی آسمان ابر آلود ہے۔
اتوار کے روز دن بھر تیز ہوائیں چلتی رہیں اور مطلع ابر آلود رہا۔ جس سے موسم خوشگوار رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پٹنہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.1 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 27.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 0.5 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت میں 0.5 ڈگری کی کمی درج کی گئی۔ بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ لوگوں کا گھروں سے نکلنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
دریں اثناء محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ نے لوگوں کو ہوشیار رہنے کو کہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی بہار کے مقابلے شمالی بہار کے زیادہ حصوں میں بارش کا قوی امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے خاص طور پر ویشالی، بیگوسرائے، سمستی پور، دربھنگہ، سیتامڑھی اور سپول اضلاع میں ایک یا دو مقامات پر موسلا دھار بارش کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے لوگوں سے ہوشیار رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ اتوارکے روز گیا، بھاگلپور، پورنیہ، سپول، روہتاس، بکسر، ارریہ اور سیوان اضلاع میں ہلکی سے درمیان بارش درج کی گئی۔

