کولکاتا میں میٹرو بحران

تاثیر 29 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 29 جولائی: کولکاتا میٹرو کی بلیو لائن پرپیر کی سہ پہر ایک بڑی تکنیکی خرابی کا پتہ چلا ہے۔ کوی سبھاش اسٹیشن کے پلیٹ فارم کے چار ستونوں میں دراڑیں دیکھی گئی ہیں۔ احتیاط کے طور پر وہاں میٹرو سروس کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ میٹرو ریلوے کے ترجمان نے منگل کی صبح کہا کہ یہ مسئلہ پیر سے پیش آ رہا تھا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر معائنہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ ستون میں دراڑ ہے۔ اب تک کی معلومات کے مطابق بلیو لائن کی میٹرو خدمات صرف دکشنیشور سے شہید خودی رام تک ہی چلائی جا رہی ہیں۔
میٹرو ریلوے حکام نے بتایا کہ اسٹیشن کے اپ لائن پلیٹ فارم پر ستونوں میں دراڑیں پائی گئی ہیں، جو چھت سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ حالیہ مسلسل تیز بارش کو اس کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق، “چونکہ جن ستونوں میں دراڑیں پڑی ہیں، وہ پلیٹ فارم کی چھت سے ساختی طور پر جڑے ہوئے ہیں، اس لیے ‘کوی سبھاش’ اسٹیشن پر خدمات کو مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔‘‘