تاثیر 30 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
وارانسی، 30 جولائی: اتر پردیش میں وارانسی کے لنکا تھانہ علاقے میں، پولیس ٹیم نے تتلی گینگ کے سرغنہ اور اس کے ساتھی کو ایک انکاؤنٹر کے دوران گرفتارکر لیا۔ انکاؤنٹر میں زخمی ہونے والے سرغنہ کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مسروقہ سامان، ایک پستول، کارتوس، موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔
اے ڈی سی پی کاشی زون سروانن ٹی نے بدھ کو صحافیوں کو انکاؤنٹر میں پکڑے گئے بدمعاشوں کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ رات گئے اطلاع ملی کہ تتلی گینگ کے دو شاطر چور بڑی واردات کرنے نکلے ہیں۔ اس اطلاع پر بھیلوپور اور لنکا پولس کی مشترکہ ٹیم نے بدمعاشوں کے مقام کی بنیاد پر لوٹوبیر پلیا کے قریب چیکنگ شروع کی۔ اس دوران دو مشکوک نوجوانوں کو بائک پر آتے دیکھا گیا۔ پولیس ٹیم نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔ اس پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کر دی اور بھاگنے لگے۔ پولیس ٹیم نے دونوں شرپسندوں کا پیچھا کیا اور جوابی فائرنگ کی۔ اس میں ایک بدمعاش کی ٹانگ میں گولی لگی اور دونوں موٹر سائیکل سمیت نیچے گر گئے۔ پولیس ٹیم نے دونوں بدمعاشوں کو پکڑنے کے بعد پوچھ تاچھ کی۔ گرفتار شرپسندوں میں ناگوا لنکا کے رہنے والے سچن راوت اور بھگوان پور لنکا کے رہنے والے سمیر سونکر شامل ہیں۔

