تاثیر 31 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 31 جولائی :مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے جمعرات کو بھوپال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومت پر عوام کو گمراہ کرنے، بدعنوانی کو فروغ دینے اور لاء اینڈ ا?رڈر میں مکمل طور پر ناکام ہونے کے سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور ریاست دونوں ہی عدم تحفظ، بدنظمی اور فراڈ کے دور سے گزر رہے ہیں۔
جیتو پٹواری نے اہم مسائل کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے دو دن پہلے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ ’’ملک کے مسائل کو سامنے لانا اور سچ بتانا حکومت کا فرض ہے۔‘‘ انہوں نے کشمیر میں 26 افراد کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان کو یاد دلایا، جس میں انہوں نے کہا تھا: ’’ہم انہیں ایسی سزا دیں گے کہ جس نے ایسا کیا اس نے سوچا بھی نہ ہوگا۔‘‘ اس کے علاوہ بار بار یہ دعویٰ کیا گیا کہ ’’ہندوستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) کو ہر قیمت پر واپس لے گا۔‘‘ پٹواری نے کہا کہ وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں بھی کہا تھا کہ ’’جان دے دیں گے، پر پی او کے لیکر رہیں گے‘‘۔ لیکن پٹواری نے کہا کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ حکومت عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور اس معاملے پر کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔
اس کے علاوہ اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں ٹرانسفر گھوٹالہ پر جیتو پٹواری نے کہا کہ اساتذہ کے ا?ن لائن ٹرانسفر پورٹل پر 5.70 کروڑ روپے خرچ ہوئے، لیکن پورٹل کریش ہوگیا۔ 4,503 اساتذہ نے اپلائی کیا لیکن 11,584 کا تبادلہ کیا گیا۔ قواعد کے مطابق صرف 10 فیصد تبادلے ممکن تھے لیکن محکمہ نے من مانے طور پر 7,976 رضاکارانہ تبادلے کیے۔ اسے ’ٹرانسفر انڈسٹری‘ قرار دیتے ہوئے پٹواری نے کہا کہ یہ نظام تعلیم کی بنیادیں ہلا رہی ہے اور بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے۔

