بہار میں سیلاب کی خوفناک صورتحال، ندیوں میں طغیانی، محکمہ آبی وسائل نے جاری کیا الرٹ

تاثیر 03 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 03 اگست :بہار میں گذشتہ کچھ دنوں سے مسلسل موسلادھار بارش اور نیپال سے چھوڑے جانے والے پانی کی وجہ سے شمالی بہار کے بیشتر ندیوں کی آبی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ خاص طور پر گنگا، کوسی، پن پن، گنڈک، بوڑھی گنڈک، کملا بلان، مہانندا اور گھاگھرا ندیاں طغیانی ہیں۔ ریاست کے کئی اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں۔ محکمہ آبی وسائل نے احتیاطی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پٹنہ، بھاگلپور اور کہلگاو?ں میں گنگا ندی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ گاندھی گھاٹ (پٹنہ) میں گنگا کی پانی کی سطح خطرے کے نشان سے 20 سینٹی میٹر اوپر درج کی گئی، جب کہ ہاتھیدہ میں 1 سینٹی میٹر، بھاگلپور میں 10 سینٹی میٹر اور کہلگاوں میں 13 سینٹی میٹر تک بڑھ گئی۔ بکسر میں آئندہ 24 گھنٹوں میں گنگا کے پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر جانے کی امید ہے۔ ابھی یہ خطرے کے نشان سے صرف ایک فٹ نیچے ہے۔
کوسی ندی جسے ‘بہار کا دکھ بھی کہا جاتا ہے، ایک بار پھر اپنی خوفناک شکل میں لوٹ ا?ئی ہے۔ کھگڑیا میں اس ندی کے پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔ جلد ہی اس ندی کے پانی کی سطح ڈمری، بلتارا، سہرسہ، سپول اور کرسیلہ میں بھی خطرے کے نشان کو عبور کر سکتی ہے۔