بلرام پورمیں سانپ کے ڈسنے سے دو معصوم بہن بھائیوں کی موت

تاثیر 03 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بلرام پور، 3 اگست: چھتیس گڑھ کے بلرام پور ضلع کے رامانوج گنج تھانہ علاقے کے تحت گاؤں مٹگئی میں سانپ کے ڈسنے سے دو معصوم بہن بھائیوں کی موت ہو گئی ہے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے رامانوج گنج 100 بستروں والے اسپتال بھیج دیا ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق شراون آیام کل رات اپنے بچوں کے ساتھ زمین پر سو رہا تھا کہ اتوار کی صبح تقریباً 3 بجے سونیا (14 سال) اور رام سائی (7 سال) کو سانپ نے کاٹ لیا۔ سونیا اور رام سائی دونوں بہن بھائی تھے۔ کسی نے انہیں سانپ کاٹتے نہیں دیکھا۔ گھر والوں نے بچوں کے ہاتھوں اور گردن سے خون نکلتا دیکھا تو انہیں معلوم ہوا کہ انہیں سانپ نے کاٹ لیا ہے۔ واقعہ کے تقریباً چار گھنٹے بعد اہل خانہ رامانوج گنج 100 بستروں والے اسپتال پہنچے۔ جہاں ڈاکٹروں نے دونوں معصوم بچوں کو مردہ قرار دے دیا۔ سانپ کے کاٹے کے علاج میں تاخیر موت کی وجہ بن گئی۔ فی الحال پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پی ایم رپورٹ آنے کے بعد پولیس مزید کارروائی کرے گی۔