ڈی جے گاڑی کی زد میں آکر پانچ عقیدت مندوں کی موت، گاؤں والوں نے کیاسڑک جام

تاثیر 04 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بھاگلپور، 04 اگست :بہار میں بھاگلپور ضلع کے شاہ کنڈ تھانہ علاقے میں شاہ کنڈ-سلطان گنج مرکزی سڑک واقع مہتو استھان کے قریب گذشتہ شب تقریباً 2 بجے ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ڈی جے گاڑی بے قابو ہو کر ایک گڑھے میں الٹ گئی۔ جس میں کئی عقیدت مند دب گئے۔ حادثے میں 5 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور 4 زخمی ہو گئے۔ جن میں سے دو افراد معمولی زخمی ہیں۔ دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
زخمیوں کو علاج کے لیے جے ایل این ایم سی ایچ ریفر کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تمام عقیدت مند نہانے کے لیے شاہ کنڈ سے سلطان گنج جا رہے تھے۔ اس کے بعد یہ عقیدت مند بانکا میں جیشٹھ گورناتھ مقام پر جا رہے تھے، اسی دوران شاہ کنڈ تھانہ علاقہ کے شاہ کنڈ سلطان گنج مین روڈ پر مہتو استھان کے قریب ڈی جے وین بجلی کے تار سے ٹکرائی، جس کے بعد ڈرائیور کو بجلی کا کرنٹ لگ گیا اور وین بے قابو ہو کر گڑھے میں جاکر الٹ گئی۔ جس میں 5 افراد دب گئے۔ سبھی کو شاہ کنڈ اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی ہے۔ زخمیوں کا علاج جاری ہے۔