ڈوڈہ کے دو کسانوں کو دہلی میں یوم آزادی کی تقریب کے لیے مدعو کیا گیا

تاثیر 04 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 4 اگست:ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے دو ترقی پسند کسانوں، توقیر باگوان اور ارجن رینا کو 15 اگست کے موقع پر دہلی میں منعقد ہونے والی یومِ آزادی کی مرکزی تقریب میں خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ یہ دعوت اْن کی جدت پسندی، محنت اور زراعت کے شعبے میں نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔
توقیر باگوان اور ارجن رینا لیوینڈر، خوشبودار پودوں، پھولوں اور دیگر جڑی بوٹیوں کی کاشت کر رہے ہیں۔ اپنی محنت و بصیرت سے نہ صرف انہوں نے خود کفالت حاصل کی ہے بلکہ درجنوں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے ہیں۔ ان کی کامیابی سے متاثر ہو کر علاقے کے نوجوان بھی روایتی فصلوں کے بجائے جدید، منافع بخش زرعی سرگرمیوں کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔
توقیر باگوان کا کہنا ہے کہ دہلی میں قومی تقریب میں شرکت کی دعوت اْن کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ میری محنت کو قومی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ میری کوشش ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان صرف سرکاری نوکریوں تک محدود نہ رہیں بلکہ خود کفالت اور کاروباری مواقع تلاش کرتے ہوئے زراعت اور دیگر شعبوں میں نئی راہیں ہموار کریں۔یہ پیش رفت نہ صرف ڈوڈہ بلکہ پورے خطے کے لیے حوصلہ افزا ہے جہاں زراعت اب ایک باوقار، منافع بخش اور پائیدار پیشے کے طور پر اْبھر رہی ہے۔