تاثیر 05 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،05اگست:اسرائیل میں تمام تر توجہ منگل کے روز کابینہ کے متوقع اجلاس پر مرکوز ہے، جہاں چیف آف اسٹاف ایال زامیر “کیبنٹ” کے سامنے غزہ میں طویل عرصے تک قیام کی لاگت سے متعلق تفصیلات فراہم کریں گے۔اسرائیلی اخبار یدیعوت آحرونوت کے مطابق با خبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ایال زامیر غزہ میں کسی نئے زمینی آپریشن یا توسیعی منصوبے کے سخت مخالف ہیں اور اس موقف پر قائم ہیں۔ذرائع کے مطابق غزہ میں کسی شدید جنگی کارروائی کے نفاذ میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں اور اس کے لیے کم از کم چھ مکمل بریگیڈز کو حماس کے مضبوط ٹھکانے والے علاقوں بالخصوص غزہ شہر کے مغربی حصے میں تعینات کرنا پڑے گا۔ یہ وہ علاقے ہیں جہاں اسرائیلی فوج نے گزشتہ ایک سال سے کوئی بڑی کارروائی نہیں کی۔

