بھارت-فلپائن تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ ملا

تاثیر 05 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 5 اگست : وزیر اعظم نریندر مودی اور فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس کے درمیان منگل کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاوس میں دو طرفہ بات چیت ہوئی۔ اس تاریخی ملاقات میں دونوں ممالک نے اپنے باہمی تعلقات کو ’اسٹریٹجک پارٹنرشپ‘ کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعظم مودی اور صدر مارکوس کے درمیان بات چیت کے بعد دونوں رہنماوں نے ایک مشترکہ پریس بیان جاری کیا اور معاہدوں کا تبادلہ کیا گیا۔
بات چیت کے دوران ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائنس، دفاع، خلائی، سیاحت، ثقافتی تبادلے، تجارت اور سمندری تعاون جیسے مختلف شعبوں میں معاہدے اور اعلامیے طے پائے۔ ان میں – اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام سے متعلق مشترکہ اعلامیہ، فوجوں کے درمیان عملے کی بات چیت کا فریم ورک، سائنس و ٹیکنالوجی اور سیاحتی تعاون پروگرام (2025-2028)، خلائی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں تعاون اور مجرمانہ معاملات میں قانونی معاونت اور سزا یافتہ افراد کے تبادلے پر معاہدے شامل ہیں۔