جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کا انتقال

تاثیر 05 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 5 اگست :جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کا منگل کو یہاں ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 79 برس تھی اور وہ 11 مئی سے اسپتال میں داخل تھے جہاں ان کی حالت تشویشناک تھی۔ ملک کے جموں و کشمیر کا گورنر رہنے کے دوران ہی مرکزی حکومت نے 5 اگست 2019 کو دفعہ 370 اور 35 اے کو ختم کر دیا تھا۔ یہ محض اتفاق ہی ہے کہ انہوں نے 5 اگست کو آخری سانس لی۔
ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال نے ایک بیان میں کہا کہ ستیہ پال ملک نے دوپہر 1.12 بجے آخری سانس لی۔انہیں پیشاب کی نالی میں شدید انفیکشن (یورینری ٹریکٹ انفیکشن)اور گردے فیل ہونے کی پیچیدگیوں کی وجہ سے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ طویل عرصے سے دیگر صحت کے مسائل میں مبتلا تھے جن میں ذیابیطس، گردے کی بیماری، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا اور آبسٹرکٹیو سلیپ اینیمیا جیسی بیماریاں شامل ہیں۔