راجیہ سبھا میں ستیہ پال ملک کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

تاثیر 06 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 6 اگست: بدھ کو راجیہ سبھا میں سابق گورنر ستیہ پال ملک کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے بعد بہار میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) سمیت دیگر مسائل پر اپوزیشن ارکان کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی گئی تھی۔ ستیہ پال ملک دو بار راجیہ سبھا کے رکن رہے۔ ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نارائن نے راجیہ سبھا میں آنجہانی رکن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتر پردیش سے دو بار ایوان بالا کے رکن بنے۔ وہ پہلی بار 1982 میں ایوان کے رکن بنے، اس کے بعد وہ 1989 میں ایوان کے رکن رہے۔ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کہا کہ ستیہ پال ملک بہار، گوا، میگھالیہ اور جموں و کشمیر کے گورنر رہ چکے ہیں۔ ستیہ پال ملک کے انتقال سے ملک ایک اہم منتظم اور قابل سیاست دان سے محروم ہو گیا ہے۔