تاثیر 07 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پورولیا، 07/ اگست (تاثیر بیورو) ماحولیاتی خدمت کے لیے پدم شری اعزاز سے نوازے گئے مشہور سماجی کارکن دُکھو ماجھی نے آج ہندو مہا سبھا میں شمولیت اختیار کر لی۔ ریاستی صدر ڈاکٹر چندرا چوڑ گوسوامی نے انہیں رسمی طور پر پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ بگھمُنڈی کے رہائشی دُکھو ماجھی پچھلے پچاس برسوں میں پانچ ہزار سے زائد درخت لگا چکے ہیں، اسی خدمات کے اعتراف میں انہیں ’درخت بابا‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
شمولیت کے بعد دُکھو ماجھی نے کہا کہ وہ ایک قدیم اور نظریاتی تنظیم سے جڑ کر فخر محسوس کر رہے ہیں اور آئندہ بھی زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کو آکسیجن دینے کے مشن پر قائم رہیں گے۔
اس موقع پر ڈاکٹر چندرا چوڑ گوسوامی نے کہا کہ دُکھو ماجھی کی مثال سب کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ہمیں ان کی ترغیب سے شجرکاری کو مزید بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے حالیہ دنوں دُکھو ماجھی کی مالی حالت پر سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو سیاسی مفاد پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ انہیں حکومت کی کئی اسکیموں سے فائدہ مل چکا ہے۔

