ایس یو سی آئی (کمیونسٹ) کی جانب سے ہوڑہ میں ڈیپوٹیشن

 

صفائی کی ابتر صورتحال پر فوری کارروائی کا مطالبہ
ہوڑہ، 07/ اگست (تاثیر بیورو) ایس یو سی آئی (کمیونسٹ) ہوڑہ صدر سب ڈویژن کمیٹی کی جانب سے آج ایک نمائندہ وفد نے ضلع مجسٹریٹ کے دفتر میں یادداشت (ڈیپوٹیشن) پیش کی۔ شہر کے بیشتر وارڈوں میں مانسون کے آغاز کے بعد جس طرح سڑکیں اور نالے بارش کے پانی سے لبالب بھر جاتے ہیں، اور گندگی و کچرے کی صفائی باقاعدگی سے نہ ہونے کی وجہ سے غلیظ پانی گھروں تک میں داخل ہو رہا ہے، اس پر فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وفد نے یادداشت میں واضح کیا کہ اس بدتر صفائی نظام کی وجہ سے کئی علاقوں میں ڈینگی، ملیریا جیسی مہلک بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، اور عوامی صحت کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ صورتحال کے فوری تدارک اور ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد مناسب قدم نہ اٹھایا گیا، تو آنے والے دنوں میں ایس یو سی آئی (کمیونسٹ) سخت عوامی تحریک شروع کرے گی۔ چونکہ اس وقت ضلع مجسٹریٹ موجود نہیں تھے، لہٰذا نمائندہ وفد نے سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او)، ہوڑہ صدر کے ہاتھوں ڈیپوٹیشن جمع کرایا۔
آج کے اس احتجاجی پروگرام میں وفد کی قیادت کرنے والوں میں نمایاں طور پر اُتم چٹرجی، شوکت دیب بارک، پتول چودھری، کارتک شیل اور اُتپل داس ادھیکاری شامل تھے۔ اس موقع پر پارٹی کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے بیدار ہوں اور اس مہم میں بڑھ چڑھ کر شامل ہوں۔