وزیر اعظم مودی 10 اگست کو کریں گے پونے-ناگپور وندے بھارت کا افتتاح

تاثیر 07 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پونے، 7 اگست:پونے اور ناگپور کے مابین تیز رفتار وندے بھارت ایکسپریس کی شروعات کے لیے فوری قدم اٹھاتے ہوئے اس کا باضابطہ افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی 10 اگست کو کریں گے۔ اس ریل سروس کے ذریعے دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ تیزی سے طے ہو سکے گا، جس سے وقت کی بچت اور سفری سہولت میں اضافہ ہوگا۔ مرکزی وزارت ریلوے نے اس ٹرین کی منظوری دے دی ہے، جبکہ ریلوے بورڈ نے اس کے آغاز کا شیڈول اور افتتاح کی تاریخ طے کر لی ہے۔ یہ منصوبہ اگلے مہینے کے اندر اندر عملی صورت میں ڈھالنے کا ارادہ ہے۔
واضح رہے کہ پونے-ناگپور-پونے روٹ پر وندے بھارت ایکسپریس شروع کرنے کا مطالبہ گزشتہ دو سالوں سے مسلسل کیا جا رہا تھا۔ وزیر ریلوے اشونی وشنو نے اس مطالبے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ریلوے بورڈ کو ضروری ہدایتیں جاری کی تھیں، اور وعدہ کیا تھا کہ اس روٹ پر یہ ٹرین جلد روانہ ہوگی۔ حال ہی میں ریلوے بورڈ کے پرنسپل سکریٹری ستیش کمار کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں آڈیو وڑول میڈیا کے ذریعے وندے بھارت ایکسپریس، امرت بھارت ایکسپریس اور متعلقہ اسٹیشنوں کی جدید کاری کا جائزہ لیا گیا۔ اسی اجلاس میں پونے-ناگپور وندے بھارت ٹرین کو منظوری دی گئی۔