تاثیر 08 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لکھنوٓ،8 اگست: اتر پردیش میں گزشتہ کئی دنوں سے بارش ہو رہی ہے۔ 20 سے زائد اضلاع میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ جمعہ کی صبح سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے لکھنوٓ میں آٹھویں جماعت تک کے تمام اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جونپور میں بھی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنوٓ میں جمعرات کو دن بھر بارش ہوئی۔ شام کو چند گھنٹوں کے لیے بارش تھم گئی تاہم دیر رات سے دوبارہ بارش شروع ہوگئی جو مسلسل جاری ہے۔ کبھی دھیرے دھیرے بارش ہو رہی ہے اور کبھی تیز۔ بارش کے پیش نظر لکھنوٓ کے ضلع مجسٹریٹ وشاکھ نے آٹھویں جماعت تک کے تمام اسکولوں کو بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔ امیٹھی سلطان پور جیسے اضلاع میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ جونپور میں موسلادھار بارش کی وجہ سے شہر میں ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔ جونپور کے ڈسٹرکٹ بیسک ایجوکیشن آفیسر نے آٹھویں جماعت تک کے تمام اسکولوں کو بند کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

