تاثیر 10 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بیاور، 10 اگست: بیاور۔ جودھپور ہائی وے پر گول چوراہا کے قریب اتوار کی صبح ایک پرائیویٹ بس تیز رفتاری سے موڑ لیتے ہوئے پلٹ گئی۔ حادثے میں بس کا ٹائر بھی پھٹ گیا۔ بس ہریدوار سے واپس آرہی تھی۔ حادثے میں 30 سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے جن میں سے 18 کو بیور کے امرت کور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک خاتون اور ایک بچے کے ہاتھ کٹنے کی اطلاع ہے۔
حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔ ہائی وے سے گزرنے والے لوگوں نے اپنی گاڑیاں روک کر مسافروں کو بس سے نکال کر پرائیویٹ گاڑیوں میں اسپتال پہنچایا۔ جسکے بعدایمبولینس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ اطلاع ملنے پر ساکیت نگر تھانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع سے فرار ہو گئے۔ عینی شاہد شبھم جوشی کے مطابق بس ہائی وے پر موڑ کے دوران بہت تیز رفتاری سے جا رہی تھی اور اچانک پلٹ گئی۔ مسافروں نے ڈرائیور سے کئی بار رفتار کم کرنے کو کہا لیکن اس نے اسے نظر انداز کر دیا۔

