سبروتو کپ انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ 19 اگست سے شروع ہوگا، 106 ٹیمیں شرکت کریں گی

تاثیر 12 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 اگست: باوقار سبروٹو کپ انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ کا 64 واں ایڈیشن 19 اگست سے شروع ہوگا، جس میں تین کیٹیگریز جونیئر بوائز، جونیئر گرلز اور سب جونیئر بوائز ہوں گی۔ تینوں زمروں میں کل 106 ٹیمیں خطاب کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ یہ ٹورنامنٹ نئی دہلی-این سی آر اور بنگلورو میں 19 اگست سے 25 ستمبر تک منعقد ہوگا۔
اس سلسلے میں باضابطہ اعلان دارالحکومت میں آکاش آفیسرز میس میں ایک پریس پروگرام کے دوران کیا گیا، جس میں ایئر مارشل ایس شیوکمار وی ایس ایم، ایئر آفیسر انچارج ایڈمنسٹریشن اور وائس چیئرمین، سبروتو مکھرجی اسپورٹس ایجوکیشن سوسائٹی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ بھارتی فٹبالر ڈالیما چھبر نے بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سبروتو کپ کا انعقاد سبروتو مکھرجی اسپورٹس ایجوکیشن سوسائٹی نے ایئر فورس اسپورٹس کنٹرول بورڈ کے تحت کیا ہے۔ اس کی شروعات 1960 میں ہوئی تھی جب ایئر مارشل سبروتو مکھرجی نے کھیل کو نچلی سطح پر فروغ دینے کے مقصد سے اس کا تصور پیش کیا تھا۔