پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میںمشتبہ دہشت گردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک

تاثیر 14 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد، 14 اگست: پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں مشتبہ دہشت گردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ خونریزی کے بعد مشتبہ مسلح افراد باآسانی فرار ہوگئے۔ اس دوران انہوں نے پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی چھین لیا۔ دریں اثناء صوبائی حکام نے باجوڑ میں دو روزہ کرفیو میں نرمی کر دی ہے۔ جس کی وجہ سے بازار دوبارہ کھل گئے۔
پاکستان کے ایکسپریس ٹریبیون اخبار کی خبر کے مطابق یہ خونریزی بدھ کو قبائلی ضلع کرم کے علاقے علی زئی میں ہوئی۔ مشتبہ دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ حملے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس کی گاڑی پر دستی بم پھینکا۔ اس کے بعد اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ پولیس اہلکار پاراچنار جا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی لوٹ لیا۔ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی تاہم ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔