روسی صدر پوتین نے الاسکا کا دورہ انتہائی مفید اور بروقت بتایا

تاثیر 17 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ماسکو،17اگست:روسی صدر ولادیمیر پوتین نے اعلان کیا ہے کہ الاسکا کا ان کا دورہ انتہائی مفید اور بروقت تھا۔ رائٹرز کے مطابق پوتین نے کریملن میں اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران یوکرین کے تنازعے کے حوالے سے امریکہ کے موقف کا احترام کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو تنازعے کو پرامن طریقے سے ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس سطح پر اس طرح کی براہ راست بات چیت کافی عرصے سے نہیں کی تھی۔ ہمیں اپنے موقف کی پرسکون انداز میں اور تفصیلی توثیق کرنے کا موقع ملا ہے۔ فرانس پریس کے مطابق انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بات چیت بہت کھلی اور ٹھوس تھی۔ میری رائے میں یہ بات چیت ہمیں ضروری فیصلوں کے قریب لائی ہے۔
واضح رہے امریکی اور روسی صدور کے درمیان الاسکا میں ایک فوجی اڈے پر ہونے والی ملاقات تفصیلات کے انکشاف کے بغیر ختم ہوئی لیکن اس کے نتیجے میں یوکرین میں فائر بندی پر کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا۔ اس دوران ٹرمپ نے تصدیق کی کہ وہ کئی اہم معاملات اور مسائل پر متفق تھے۔ تاہم ٹرمپ نے بعد میں وضاحت کی کہ ایک بہت اہم مسئلہ حل طلب رہا۔ انہوں نے اس مسئلے کی وضاحت نہیں کی۔ ساتھ ہی انہوں نے اس ملاقات کو شاندار بھی قرار دیا ہے۔