الیکشن کمیشن سیاسی جماعت کی طرح کام کر رہی ہے: راکیش کمار روشن

تاثیر 18 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بہارشریف18 اگست(محمددانش)اسلامپور کے آر جے ڈی رکن اسمبلی راکیش کمار روشن نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن پر سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کمیشن آئینی ادارے کی طرح نہیں بلکہ ایک سیاسی جماعت کی طرح کام کر رہا ہے اور دہلی کی حکومت کو فائدہ پہنچانے کے لیے غریبوں، دلتوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے ووٹ کاٹنے کی سازش رچ رہا ہے۔
انہوں نے ووٹر لسٹ کے تجدیدی عمل (SIR) پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ووٹ کاٹنے کی ایک منظم اسکیم ہے۔ رکن اسمبلی نے راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کی قیادت میں ہونے والی ووٹ بچائو یاترا” کی اطلاع دیتے ہوئے عوام سے اس میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مُردہ شخص کیسے کر سکتا ہے دستخط؟راکیش روشن نے ووٹر لسٹ میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ بی ایل او گھر گھر جاکر ہر ووٹر سے ملاقات کریں گے اور اعلان نامہ بھروائیں گے۔ اگر ایسا ہوا ہے تو آج جاری ہونے والی ڈرافٹ لسٹ میں مُردہ افراد کے نام کیسے شامل ہیں؟ کیا کسی مردہ شخص نے خود دستخط کیے ہیں؟ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بی ایل او گھر گھر نہیں گئے اور پوری ووٹر لسٹ سوالیہ نشان کے گھیرے میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہا کل راہل گاندھی اور تیجسوی یادوکی یاترا کل نالندہ پہنچے گی۔ اس میں تمام لوگوں شامل ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ووٹ کی اس “ڈکیتی” کے خلاف عوام کو بیدار کرنے کے لیے راہل گاندھی اور تیجسوی ہر حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔ ہمیں عظیم اتحاد کے لیڈروں کے شانہ با شانہ کھڑے رہنے کی ضرورت ہے۔