تاثیر 19 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 19 اگست: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کے روز کہا کہ ہندوستان کی سفارتی کوششوں کو ملک کی گھریلو ضروریات اور 2047 تک وِکست بھارت بننے کے ہدف کے ساتھ قریب سے جڑی ہوئی ہونا چاہیے۔ انہوں نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو نہ صرف ہندوستان کے مفادات کے محافظ بلکہ اس کی روح کے سفیر کے طور پر بھی دیکھیں۔ وہ راشٹرپتی بھون میں انڈین فارن سروس (آئی ایف ایس) کے ٹرینی افسران کے 2024 بیچ سے خطاب کر رہی تھیں۔
صدر جمہوریہ نے انڈین فارن سروس میں شامل ہونے پر ٹرینی افسران کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ جہاں سے بھی اپنا سفر شروع کریں، انہیں اپنے طرز عمل میں ہندوستان کے تہذیبی علم کی اقدار – امن، تکثیریت، عدم تشدد اور مکالمے کو اپنے کردار میںظاہرکرنا چاہیے۔ نیز، انہیں ہر ثقافت کے خیالات، لوگوں اور نقطہ نظر کے لیے کھلا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تناظر تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ جغرافیائی سیاسی حالات، ڈیجیٹل انقلاب، موسمیاتی تبدیلی اور کثیرالجہتی چیلنجز ہیں۔ ایسے وقت میں نوجوان افسران کی چستی اور موافق صلاحیت، ہندوستان کی کامیابی کی کلید ہوگی۔

